ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف قطر پر اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک روزہ دورے پر دوحا روانہ ہو گئے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم کی ملاقات امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ہوگی۔ملاقات میں وزیراعظم قطر پر بلاجواز اسرائیلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر مبنی حملوں کے تناظر میں قطری قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے۔دونوں رہنما خطے میں امن کے قیام کے لیے مشاورت اور تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔وزیراعظم اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیں گے کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں قطر کا ساتھ دیا ہے اور مستقبل میں بھی اس پالیسی کو جاری رکھے گا۔