خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے بے شمار امکانات موجود ہیں:فیصل کریم کنڈی

 خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے بے شمار امکانات موجود ہیں:فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کراچی میں ہونے والی فیوچر سمٹ میں اپنے خطاب کے دوران پاکستان میں موجود بے پناہ پوٹینشل اور اس کے صحیح استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔

 انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ایک قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ خاص طور پر انہوں نے توانائی، معدنیات، سیاحت اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ شعبے ملکی معیشت کو ترقی دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بہت اہم ہیں۔گورنر نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ حکومت ان کو بہترین سہولیات فراہم کرے گی اور ایک محفوظ سرمایہ کاری کا ماحول قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے لیے اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ سرمایہ کاروں کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں اور علاقائی و قومی سطح پر معاشی ترقی کو فروغ ملے۔

اس تقریب میں دیگر مقررین اور ماہرینِ معیشت نے بھی خطاب کیا، جنہوں نے پاکستان کی معاشی حالت، اصلاحات، اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے اقدامات ناگزیر ہیں، اور اس سے ملک کو معاشی استحکام اور خوشحالی کی طرف لے جایا جا سکتا ہے۔