وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے تمام اسپتالوں میں بخار کے مریضوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی فوری تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔
اسلام آباد میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال پر منعقدہ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرِ صحت نے کی، جس میں اراکین قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز، انجم عقیل خان، وفاقی سیکریٹری صحت اور مختلف اسپتالوں کے سربراہان شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی تشکیل دی گئی ہے اور مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی کے لیے تمام ادارے مل کر کام کریں تاکہ شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
وزیرِ صحت نے مزید ہدایت دی کہ ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور ان کی ذمہ داریاں متعلقہ اراکین قومی اسمبلی کے تحت تفویض کی جائیں تاکہ فیلڈ ورک میں کوآرڈینیشن اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوامی آگاہی کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔