شہر کے میگا پراجیکٹس پر 80 فیصد مشینری و گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں
لاہور (خصوصی رپورٹ) شہر کی فضا میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی نے ہر شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کر دیا،جاری منصوبے بھی فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافے کا سبب بننے لگے۔ انسداد سموگ کے لئے ترقیاتی کاموں میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پیچ ورک کے کاموں میں مبینہ طور پر انسداد سموگ ایس او پیز پامال کئے جارہے ہیں،میگا پراجیکٹس سے اٹھنے والی گرد سموگ کا باعث بن رہی ہے۔میگا پراجیکٹس پر استعمال ہونے والی مشینری بھی سموگ کی بنیادی وجہ بننے لگی۔شہر کے میگا پراجیکٹس پر 80 فیصد مشینری و گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ڈمپرز، ایکسیکویٹراور دیگر مشینری کے فٹنس سرٹیفکیٹ موجود نہیں، منصوبوں پر لگے جنریٹرز بھی دھواں چھوڑ رہے ہیں۔اسی طرح محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایل ڈی اے نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو کبھی چیک نہیں کیا۔راوی بریج توسیعی منصوبہ پر استعمال ہونے والی گاڑیوں ،لاہور کی 300 کلومیٹر طویل سڑکوں پر پیچ ورک میں بھاری مشینری کے فٹنس سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہیں۔