پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی انتخابات، خواجہ نصیر اور عدنان شیخ بلا مقابلہ کامیاب

خواجہ نصیر صدر اور عدنان شیخ سیکرٹری منتخب ہوئے‘مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہ کرائے
نو منتخب عہدیدار اسمبلی اور صحافی برادری کے درمیان موثر رابطے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں :سپیکر 

لاہور(خصوصی رپورٹر)سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب صدر سینئر صحافی خواجہ نصیر اور سیکرٹری عدنان شیخ کومبارکباد دی ہے۔پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے سالانہ انتخابات  پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں منعقد ہوئے۔ الیکشن کمشنر کے فرائض سینئر صحافی حامد ریا ض ڈوگر اور ارسلان رفیق بھٹی نے سرانجام دیئے۔ پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے انتخابات برائے سال 2024-25 میں خواجہ نصیر اور عدنان شیخ بلا مقابلہ صدر اورسیکرٹری منتخب ہوگئے۔ اس سال کے انتخابات میں صدر اور سیکرٹری کے عہدوں کے لیے صرف خواجہ نصیر اور عدنان شیخ نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے اس کے علاوہ کسی دوسرے ممبر نے پریس گیلری کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے جس کے نتیجے میں خواجہ نصیرصدر اور عدنان شیخ بلا مقابلہ سیکرٹری کامیاب قرار پائے۔سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے توقع ظاہر کی کہ پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب عہدیداران پنجاب اسمبلی اور صحافی برادری کے درمیان موثر رابطے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور پنجاب اسمبلی کی کارروائی و قانون سازی کو میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہمیں اپنے ان تمام صحافی بھائیوں اور بہنوں پر فخر ہے جنہوں نے استحکام پاکستان کے لئے اپنا کردار بخوبی ادا کیا اور اپنے قلم کے ذریعے جہاد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں صحافیوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں اور جمہوریت کے فروغ کے لیے میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب عہدیداران کی کامیابی پر سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب نے بھی مبارکباد دی ہے۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے سابق صدر پریس گیلری مرحوم اخلاق احمد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اخلاق باجوہ صحافت کی دنیا کا چمکتا ستارہ تھے جنہوں کانام ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔