وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات متحدہ عرب امارات میں ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اماراتی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان، حکومت اور اماراتی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور موجودہ صورتحال میں تحمل اور بردباری کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے زور دیا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور اس کا احترام کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔ ان کے مطابق خطے میں دیرپا امن کے لیے مذاکرات کو موقع دینا اور سفارتی راستے کھلے رکھنا ناگزیر ہے۔