وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ رات سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسے حملے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں تحمل، ذمہ داری اور سفارتی کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ہر مشکل گھڑی میں برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔وزیراعظم نے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر سعودی عرب کے امن اور استحکام کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ تمام فریق کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں گے اور مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔