ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی اور قطر کے ساتھ پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ملاقات دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہ اجلاس کے دوران ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے اس موقع پر مسلم امہ کے اتحاد اور مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی جارحیت کو فوری طور پر روکنے پر زور دیا اور قطر کی طرف سے بلائے گئے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کو سراہا۔
اس کے علاوہ، پاکستان نے قطر کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر ہنگامی اجلاس بلانے کی حمایت کی تھی۔امیر قطر نے وزیراعظم کی شرکت اور دوحہ کے دورے کو اس مشکل وقت میں قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔