معرکہ حق ، پشاور میں یادگارِ شہدا پر پروقار تقریب، شہدا وطن کو خراجِ عقیدت پیش

 گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی اور کور کمانڈر پشاور عمراحمد بخاری کی یادگارِ شہدا پر حاضری ، خصوصی دعائیں 
پشاور(آئی این پی)معرکہ حق 10 مئی 2026 کے سلسلے میں پشاور میں یادگارِ شہدا پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہدا وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور کور کمانڈر پشاورعمر احمد بخاری نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر شہدا کے بلند درجات، وطنِ عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔تقریب میں چیف سیکرٹری، سول افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں، اسکول کے طلبہ اور مسلح افواج کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ شرکا نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا خصوصی پیغام بھی حاضرین کو سنایا گیا، جس میں وطن کے دفاع، قومی اتحاد اور شہدا کی قربانیوں کو سراہا گیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے پاک فوج کی جانب سے لگائے گئے ہتھیاروں اور دفاعی سازوسامان کے اسٹالز کا دورہ بھی کیا، جہاں جدید دفاعی آلات اور عسکری تیاریوں کا مظاہرہ پیش کیا گیا۔