وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارت سے علاج ادھورا چھوڑ کر واپس آنے والے پاکستانی مریضوں کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے ان کے مفت علاج کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے باعث متعدد پاکستانی مریض، جو مختلف بیماریوں خصوصاً ٹرانسپلانٹ یا دیگر پیچیدہ علاج کے مراحل میں تھے، بھارت سے واپس آنے پر مجبور ہو گئے۔ ان مریضوں کے علاج کی بحالی کے لیے پنجاب حکومت نے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ ایسے تمام مریضوں کی مکمل فہرست تیار کی جائے اور انہیں پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ “ایسے مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔”
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت یہ اقدام نہ صرف ان افراد کے لیے راحت کا باعث بنے گا بلکہ پنجاب حکومت کی صحت کے شعبے میں ترجیحات کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلد از جلد تمام مریضوں کے علاج کی تفصیلات مرتب کرکے ان کا معیاری علاج شروع کیا جائے۔پنجاب حکومت کے اس اقدام کو عوامی حلقوں اور سول سوسائٹی نے سراہا ہے اور اسے ایک انسانی اور مثبت قدم قرار دیا ہے۔