ویب ڈیسک: کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے غزہ کی تعمیرِ نو اور زخمی فلسطینی بچوں کے علاج کے لیے ایک غیر معمولی انسانی ہمدردی کا اقدام اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ منشیات فروشوں سے ضبط شدہ سونا اس مقصد کے لیے عطیہ کیا جائے گا۔
صدر پیٹرو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ سونا براہِ راست زخمی فلسطینی بچوں کے علاج، بحالی اور غزہ کی تعمیر نو پر خرچ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کولمبیا کا یہ قدم دنیا کے لیے ایک پیغام ہے کہ انسانیت کی خدمت کے لیے وسائل کی نوعیت نہیں بلکہ نیت اہم ہے۔صدر پیٹرو نے مزید اعلان کیا کہ کولمبیا غزہ کی تعمیرِ نو اور قیامِ امن کے لیے ایک بین الاقوامی امن فوج کی تشکیل کی قرارداد اقوامِ متحدہ میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاکہ فلسطینی علاقوں میں امن و استحکام کے ساتھ تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کولمبیا ماضی میں بھی فلسطینی بچوں کے لیے انسانی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں میں شریک رہا ہے، تاہم صدر پیٹرو کا یہ فیصلہ اب تک کا سب سے بڑا اور تاریخی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔