تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جارحیت کرنے والوں کو ”مکمل پچھتاوے“ تک پہنچانے کے لیے بھرپور طاقت کے ساتھ مزاحمت جاری رکھے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران ہمیشہ جنگ کی مخالفت کرتا آیا ہے اور عوام کے مفادات اور خطے کی سلامتی کے پیش نظر تنازع شروع کرنے سے گریز کو ضروری سمجھتا ہے۔ایرانی صدر نے تاہم واضح کیا کہ جس طرح ایران نے اب تک جارحیت کے خلاف بھرپور دفاع کیا ہے، اسی طرح آئندہ بھی پوری طاقت کے ساتھ مزاحمت جاری رکھے گا اور ایرانی عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گا۔پزشکیان نے کہا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں، تاہم کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور عوام کے حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔