ناک، کان، گلا سپیشلسٹ ڈاکٹرز پولیس لائنز ہسپتال میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)پولیس افسران اور جوانوں کی صحت و تندرستی کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور توقیر محمد نعیم کی ہدایت پر پولیس لائنز ہسپتال میں افسران و اہلکاروں اور ان کی فیملیز کیلئے خصوصی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتال پولیس لائنز میں میو ہسپتال سے مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز روزانہ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔گردوں کے امراض کے ماہر، ناک، کان، گلا (ENT) اسپیشلسٹ ڈاکٹرز پولیس لائنز ہسپتال میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جلد کے امراض کے ماہرین، گائناکالوجسٹ، ڈینٹسٹ اور فزیوتھراپسٹ بھی مریضوں کے چیک اپ کیلئے موجود ہوں گے تاکہ افسران اور ان کے اہلخانہ کو جامع طبی سہولیات ایک ہی جگہ پر میسر آ سکیں۔ایس پی منزہ کرامت کے مطابق پولیس افسران، جوان اور ان کی فیملیز پولیس لائنز ہسپتال میں فری میڈیکل چیک اپ سے مستفید ہو سکتے ہیں، جبکہ لیبارٹری ٹیسٹ اور ایکسرے کی سہولت بھی ہسپتال میں دستیاب ہے۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کی صحت کے حوالے سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے کیونکہ جسمانی طور پر فٹ افسران و جوان ہی عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر وقت تیار رہ سکتے ہیں۔