لاہور پولیس کے افسران کی فیلڈ میں جوانوں کے ساتھ افطاری

لاہور (کرائم رپورٹر) ماہِ رمضان المبارک کے دوران لاہور پولیس کے افسران نے فیلڈ میں موجود جوانوں کے ساتھ افطاری کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیاایس پی ڈولفن اسامہ امین چیمہ نے شملہ پہاڑی کے مقام پر ڈولفن فورس اور سول لائن ڈویڑن کے جوانوں کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ڈولفن سول لائن، پولیس رسپانس یونٹ کی ٹیمیں، سیکٹر انچارجز اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔ شہریوں نے بھی ڈولفن اہلکاروں کے ساتھ افطاری میں شرکت کی۔ایس پی ڈولفن کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس کے افسران کا اپنے جوانوں کے ہمراہ افطاری کرنا نہایت خوش آئند عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈولفن ٹیمیں نمازِ تراویح، سحر اور افطار کے اوقات میں مکمل پٹرولنگ پر مامور ہیں جبکہ سہولت بازاروں میں بھی خصوصی پٹرولنگ کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔دوسری جانب ترجمان پولیس کینٹ ڈویڑن کے مطابق ایس پی کینٹ اختر نواز نے شمالی چھاؤنی ناکہ پر جوانوں کے ہمراہ افطاری کی۔ اس موقع پر ایس ایچ او شمالی چھاؤنی طیب فاروق سمیت دیگر افسران و اہلکار موجود تھے۔ایس پی کینٹ اختر نواز نے کہا کہ جوان روزے کی حالت میں اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزے کی حالت میں ڈیوٹی دینا بھی عبادت کے مترادف ہے اور ماتحت افسران و اہلکاروں کی ویلفیئر کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ماہِ رمضان کے دوران اہم مقامات اور مساجد کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت الرٹ ہے۔