بنوں کینٹ حملہ: سیکیورٹی فورسز نے 16 دہشتگرد ہلاک کر دیے، 5 جوان شہید – آئی ایس پی آر

بنوں کینٹ حملہ: سیکیورٹی فورسز نے 16 دہشتگرد ہلاک کر دیے، 5 جوان شہید – آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں 4 مارچ 2025 کو دہشت گردوں نے کینٹ ایریا پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق، حملہ آوروں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں حفاظتی دیوار سے ٹکرائیں، جس سے دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مستعد کارروائی کے نتیجے میں 16 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔اس شدید جھڑپ میں 5 فوجی جوان شہید ہوئے۔ مزید برآں، خودکش دھماکوں کی وجہ سے ایک مسجد اور رہائشی عمارت تباہ ہو گئی، جس کے نتیجے میں 13 شہری شہید اور 32 زخمی ہوئے۔خفیہ اداروں کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس حملے میں افغان شہری ملوث تھے، اور حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشت گرد سرغنوں نے کی تھی۔ پاک فوج کے ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔