ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر نئی پابندیاں عائد امریکی غنڈہ گردی کے آگے نہیں جھکیں گے:ایرانی صدر

نئی پابندیاں ان تنظیموں پر ہیں جو ایرانی حکومت کو ایسے اہم مواد کی مقامی سطح پر تیاری میں مدد فراہم کر رہی ہیں:امریکی محکمہ خزانہ
 ٹرمپ سوچتا ہے  وہ  یہاں آکر ہمیں ڈرا سکتا ہے، ہمارے  لئے شہادت کی موت بستر  پر مرنے سے زیادہ پیاری ہے:ایرانی صدر مسعود پزشکیان  
  واشنگٹن‘تہران(آئی این پی) امریکہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق امریکا نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت کرنے والے 6 افراد اور 12 کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کر دیں، جن میں کئی چینی شہری بھی شامل ہیں۔ٹرمپ انتظامیہ نے حالیہ ہفتوں میں ایران کی تیل کی صنعت اور جوہری پروگرام سے منسلک افراد اور اداروں پر متعدد پابندیاں عائد کی ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق   لگائی گئی نئی پابندیاں ان تنظیموں پر ہیں جو ایرانی حکومت کو ایسے اہم مواد کی مقامی سطح پر تیاری میں مدد فراہم کر رہی ہیں جو تہران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے ضروری ہیں۔دریں اثناء ایران کے  صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ کے خلیجی ممالک کے دورے کے دوران تہران پر تنقید کو آڑے ہاتھوں  لیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غنڈہ گردی کے آگے نہیں جھکیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے  ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے بیان دیتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں کیا ہمیں ڈرانے کیلئے آئے ہیں؟ ہم غنڈہ گردی کے آگے نہیں جھکیں گے۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سوچتا ہے کہ وہ  یہاں آکر ہمیں ڈرا سکتا ہے، ہمارے  لیے شہادت کی موت بستر  پر مرنے سے زیادہ پیاری ہے۔