ٹیرف جنگ:چین کا امریکا کو جواب، مزید 15فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان

 امریکا سے درآمد ہونے والی مرغی، گندم، مکئی اور کپاس پر 15 فیصد اضافی ٹیکس لگایا جائے گا،چینی حکام
بیجنگ(آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی درآمدات پر اضافی ٹیرف لگانے کے اعلان کے بعد اب چین نے بھی جوابی طور پر امریکی درآمدات پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے محصولات میں اضافے کے جواب میں چین امریکی زرعی درآمدات پر نئی اضافی ڈیوٹیاں عائد کرے گا۔چینی وزرات خزانہ کے مطابق امریکا سے درآمد ہونے والی مرغی، گندم، مکئی اور کپاس پر 15 فیصد اضافی ٹیکس لگایا جائے گا۔چینی حکام کے مطابق جوار، سویا بین، گائے کا گوشت، آبی مصنوعات، پھل، سبزیاں اور ڈیری مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا جائے گا جب کہ ٹیرف کا نفاذ 10 مارچ سے ہوگا۔