ٹیرف جنگ :چین کا امریکا کے ساتھ بات چیت کرنے کا فیصلہ

 عالمی توقعات، چین کے مفادات اور امریکی صنعت اور صارفین کی اپیل کا مکمل خیال رکھنے کے بعد امریکا کے ساتھ بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا،ترجمان وزارت تجارت
    بیجنگ(یواین پی)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا کہ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور چین کے نائب وزیر اعظم حہ لی فنگ سوئس حکومت کی دعوت پر 9 سے 12 مئی تک سوئٹزرلینڈ کا دورہ کریں گے اور سوئس رہنمائوں اور متعلقہ شخصیات سے بات چیت کریں گے۔ سوئٹزرلینڈ میں قیام کے دوران حہ لی فنگ چین امریکا اقتصادی اور تجارتی معاملات کے چینی رہنما کی حیثیت سے امریکی وزیر خزانہ بیسنٹ سے بات چیت کریں گے۔ 12 سے 16 مئی تک حہ لی فنگ فرانس جائیں گے جہاں وہ فرانس کے ساتھ دسویں چین فرانس اعلیٰ سطحی اقتصادی اور مالیاتی ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ اسی روز چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے چین ،امریکا  اقتصادی اور تجارتی بات چیت کے حوالے سے کہا کہ حال ہی میں امریکا نے مختلف چینلز کے ذریعے چین کو معلومات پہنچانے کی پہل کی اور چین کے ساتھ محصولات سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ چین نے امریکی معلومات کا بغور جائزہ لیا۔ عالمی توقعات، چین کے مفادات اور امریکی صنعت اور صارفین کی اپیل کا مکمل خیال رکھنے کے بعد، چین نے امریکا کے ساتھ بات چیت کرنے  کا فیصلہ کیا.چین کے نائب وزیر اعظم حہ لی فنگ  سوئٹزرلینڈ کے  اپنے دورے کے دوران امریکی وزیر خزانہ بیسنٹ سے بات چیت کریں گے۔