ترکیہ: مہنگائی کی شرح میں بڑی کمی، 40فیصد سے نیچے آ گئی

 حقیقی مہنگائی کی شرح 79.5فیصد ہے، جو سرکاری اعداد و شمار سے دوگنا زیادہ ہے،ماہرین اقتصادیات
انقرہ(آئی این پی) ترکیہ میں سالانہ مہنگائی کی شرح نویں مسلسل مہینے کم ہو کر 39.05فیصد تک آ گئی، جو جون 2023کے بعد پہلی بار 40فیصد سے کم ہوئی ہے۔ ترکیہ کے سرکاری ادارہ شماریات نے یہ رپورٹ جاری کی۔یہ کمی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ترکیہ کا مرکزی بینک جمعرات کو سود کی شرح پر نیا فیصلہ سنانے والا ہے۔ مئی 2024میں سالانہ مہنگائی 75فیصد تک پہنچ گئی تھی لیکن اس کے بعد سے بتدریج کمی دیکھی جا رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے برعکس آزاد ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ حقیقی مہنگائی کی شرح 79.5فیصد ہے، جو سرکاری اعداد و شمار سے دوگنا زیادہ ہے۔اقتصادی ماہرین کا ماننا ہے کہ صدر رجب طیب اردوان کی پالیسیوں میں تبدیلی کے بعد ترکیہ میں معاشی استحکام کی امید بڑھ رہی ہے اور آئندہ مہینوں میں مہنگائی مزید کم ہونے کا امکان ہے۔