الحمدللہ معیشت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے‘ شرح سود اور مہنگائی کی شرح میں کمی آ چکی ہے‘سرمایہ کاری کا سفر مقامی سرمایہ کاروں سے شروع ہوتا ہے:وزیراعظم

کاروباری برادری ملک کا اثاثہ معیشت کا پہیہ یہیں  سے چلے گا:شہبازشریف

حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے، آپ سے مشاورت کا مقصد ملک کی معیشت کی ترقی میں تیزی لانا ہے:شہباز شریف کی ملکی کاروباری شخصیات کے  وفد  سے  گفتگو
شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر کی ملاقات ‘وزیراعظم  نے قومی عوامی کانگریس اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت اور قوم کو مبارکباد بھی دی

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  کاروباری برادری ملک کا اثاثہ ہے، پاکستان کی معیشت کا پہیہ یہیں سے چلے گا، لوگوں کو روزگار بھی آپ ہی کی کاوشوں سے ملا۔ملکی کاروباری شخصیات کے  وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں وفد کے شرکا نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار، کاروباری برادری و سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ آپ سب کی آمد کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ مخلص اور دیانتدار کاروباری برادری  ہمارا قیمتی اثاثہ ہے آپ سب نے مشکل وقت میں بھی ملکی صنعتی و معاشی ترقی کے لیے اپنا سرمایہ اس ملک میں لگایا۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی کاوشوں کی بدولت ملک کی معیشت کا پہیہ چلا، لوگوں کو روزگار ملا۔ آپ کی مشاورت اور مفید آرا سے ملکی معیشت کو بہتری اور تمام شعبوں میں اصلاحات کا سفر جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الحمدللہ ملکی معیشت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے۔ شرح سود اور مہنگائی کی شرح میں خاطر خواہ کمی آ چکی ہے۔ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ  سرمایہ کاری کا سفر مقامی سرمایہ کاروں سے شروع ہوتا ہے۔ آپ سے مشاورت کا مقصد ملک کی معیشت کی ترقی میں تیزی لانا ہے۔ بیرون ملک تعینات ٹریڈ آفسیرز کو تجارت و برآمدت کے فروغ کے حوالے سے واضح اہداف فراہم کیے جا چکے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے قومی عوامی کانگریس اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت اور قوم کو مبارکباد بھی دی، وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے دوطرفہ سٹریٹجک تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے تمام بنیادی مسائل پر پاکستان کی دیرینہ اور مسلسل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے چین کے قومی دلچسپی کے امور پر پاکستان کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا، دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور انسداد دہشتگردی تعاون پر پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کرنے اور نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے پْرعزم ہیں، اس سال صدر شی جن پنگ کے 2015 میں پاکستان کے تاریخی دورے کی دسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔شہباز شریف نے اس یادگار موقع کو شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایات جاری کیں