لاہور: کھلے مین ہول میں بچی گر گئی، علاقہ مکینوں نے زندہ نکال لیا

لاہور: کھلے مین ہول میں بچی گر گئی، علاقہ مکینوں نے زندہ نکال لیا

لاہور کے علاقے محمود بوٹی شاہ گوہر آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک معصوم بچی کھلے مین ہول میں گر گئی، تاہم علاقہ مکینوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے زندہ باہر نکال لیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اس وقت پیش آیا جب بچی کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول کے قریب پہنچی اور اچانک اس میں جا گری۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری فوری طور پر امدادی کارروائی میں مصروف ہو گئے۔علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کو مین ہول سے نکالا اور اسے محفوظ مقام پر منتقل کیا، جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں کھلے مین ہول کے حوالے سے متعدد بار شکایات کی گئی تھیں، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔

واقعے کے بعد شہریوں نے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شہر بھر میں تمام کھلے مین ہولز فوری طور پر بند کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔علاقہ مکینوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت کے ذمہ دار افسران کا تعین کر کے ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔