بھارتی کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بڑی تبدیلیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جن کے مطابق ٹیم کی قیادت اور اسکواڈ دونوں میں اہم ردوبدل کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فاتح کپتان سوریا کمار یادیو کو حالیہ ناقص فارم کے باعث نہ صرف کپتانی سے ہٹانے بلکہ ممکنہ طور پر اسکواڈ سے بھی باہر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلیکشن کمیٹی مستقبل کی منصوبہ بندی کے تحت نئی قیادت لانے پر غور کر رہی ہے۔اسی حوالے سے یہ اطلاعات بھی ہیں کہ شریاس ایئر کو نیا ٹی ٹوئنٹی کپتان بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ بھارتی سلیکٹرز کے مطابق وہ 2028 لاس اینجلس اولمپکس اور آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نئی اور طویل المدتی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان جلد متوقع ہے، جس میں ممکنہ طور پر نئی قیادت کا فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔ادھر سابق کپتان سوریا کمار یادیو کی حالیہ کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان کی 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور آئی پی ایل سیزن میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہ ہونے کے باعث ان کی ٹیم میں جگہ خطرے میں بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب شریاس ایئر نے گزشتہ آئی پی ایل سیزنز میں شاندار بیٹنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 2024 میں ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا اور مختلف فرنچائزز کو فائنل تک پہنچانے میں بھی نمایاں رہے۔اسی دوران 15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھاو سوریاونشی کے بارے میں بھی خبریں ہیں کہ انہیں پہلی بار بھارتی ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے آئی پی ایل 2026 میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 776 رنز بنائے، جس نے سلیکٹرز کو کافی متاثر کیا ہے۔ماہرین کے مطابق اگر یہ تبدیلیاں عمل میں آتی ہیں تو یہ بھارت کی ٹی ٹوئنٹی حکمت عملی میں ایک نئے دور کے آغاز کی نشاندہی کریں گی، جس کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانا اور آئندہ بڑے ٹورنامنٹس کے لیے مضبوط ٹیم تشکیل دینا ہے۔