بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت پر سوالات اٹھ گئے ہیں اور کپتانی میں تبدیلی کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بنگلادیش کے ہاتھوں مسلسل شکستوں کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اور کرکٹ بورڈ کی سطح پر اس حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔اطلاعات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ٹیم کی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بنگلادیش کے خلاف شکست کے بعد دورے کے اختتام پر کھلاڑیوں اور کپتان کے درمیان باہمی رابطے اور گفتگو میں بھی کمی دیکھی گئی، جس پر ٹیم کے اندرونی ماحول کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔واضح رہے کہ شان مسعود کی قیادت میں پاکستان نے اب تک 16 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جن میں صرف 4 میں کامیابی حاصل ہوئی جبکہ 12 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ان کی کپتانی پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔