اغواء شدہ خواتین بازیاب، قتل اور چوری مقدمات کے اہم ملزم پکڑے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاو ن حسن فاروق گھمن نے اپنے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال ٹاو ن ڈویڑن کی اہم کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران اقبال ٹاو ن ڈویڑن سے اغواء ہونے والی 123 خواتین میں سے 101 خواتین کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ خواتین کو اغواء کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ پریس کانفرنس کے دوران تھانہ ساندہ پولیس کی بڑی کارروائی بھی سامنے آئی، جس میں 16 سالہ نوجوان فائق احمد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم، اس کے سگے بھائی اور بہنوئی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزمان نے ذاتی رنجش کی بنا پر فائق احمد کو اغواء کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں دریائے راوی کے پل سے نیچے پھینک دیا۔ بعد میں ملزمان خود ہی زخمی حالت میں نوجوان کو میو ہسپتال لے کر آئے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دوسری جانب تھانہ شیرا کوٹ پولیس نے جائیداد کے تنازع پر اپنے سوتیلے بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا تاہم جدید تفتیشی طریقوں کی مدد سے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح تھانہ مسلم ٹاو ن پولیس نے خاتون شہری کے گھر سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیورات چوری کرنے والے مرکزی ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان گھر میں داخل ہو کر 34 تولے سونا اور دیگر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو گئے تھے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے چوری شدہ زیورات بھی برآمد کر لیے۔ ایس پی حسن فاروق گھمن نے کہا کہ تمام ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مضبوط چالان مرتب کر کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔