لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لیے سرگرم عمل ہے اور شہر کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔سی سی پی او کے مطابق نماز جمعہ کے دوران شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور اس موقع پر تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات پر پولیس فورس کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک کے ذریعے شہر کی سڑکوں، چوراہوں اور پبلک مقامات کی جدید کیمروں سے نگرانی جاری ہے۔مزید برآں لاہور کے داخلی و خارجی راستوں اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر سخت چیکنگ عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مشکوک فرد یا گاڑی کو شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور عوام کو پرامن ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے