اے ایس آئی عزیز اللہ نے نشے میں دھت 6 افراد کو تھانے کئے کوئی قانونی کارروائی نہ کی، انکوائری کاحکم
لاہور(کرائم رپورٹر) کھلی کچہری میں شہری کی شکایت پر تھانے دار کو حوالات میں بند کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اے ایس آئی کے خلاف انکوائری کا حکم دیا، جس میں اے ایس آئی عزیز اللہ کے خلاف الزامات درست ثابت ہوئے۔ نشے میں دھت 6 افراد کو تھانے منتقل کرنے کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے پر اے ایس آئی عزیز اللہ کو معطل کر دیا گیا۔ بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز ثابت ہونے پر اس کے خلاف تھانہ ساندہ میں مقدمہ نمبر 1165/26 بھی درج کر لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ فرائض کو پسِ پشت ڈال کر ذاتی لالچ کی پیروی کرنے والوں کو قطعاً معاف نہیں کیا جا سکتا۔ کھلی کچہری میں کرایہ داری، فراڈ اور گھریلو تشدد سے متعلق متعدد شکایات بھی پیش ہوئیں جن پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو فوری ازالے اور میرٹ پر کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ فیصل کامران نے کہا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدانتظامی پر زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار ہے اور تھانوں میں انصاف کی فراہمی میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے اعتماد کی بحالی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔