پاکستان کیساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات بھارت کیلئے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں ترک وزیرخارجہ

ترکیہ واحد ملک نہیں جس کے پاکستان کے ساتھ اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں ‘ دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ مثبت تعلقات رکھتے ہیں
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط قریبی سیاسی، سفارتی اور دفاعی تعلقات  ہیں، مسئلہ کشمیر پر حمایت جاری رکھیں گے:حاقان فیدان
 سنگاپور (آن لائن)ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے پاکستان اور ترکیہ کے قریبی تعلقات پر بھارتی تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ترکیہ کے برادرانہ تعلقات بھارت کے لیے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں۔سنگاپور میں  انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فاراسٹریٹجک اسٹڈیزکے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  بھارت کو ترکیہ اور پاکستان کی دوستی کو اپنے خلاف اقدام یا دشمنی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمزبھارتی کے مطابق حاکان فیدان نے کہا  ترکیہ واحد ملک نہیں جس کے پاکستان کے ساتھ اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں بلکہ دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ مثبت تعلقات رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سے اچھے تعلقات کی بنیاد پر بھارت کسی ملک کے خلاف ناراضی کا اظہار کرتا ہے تو اس طرزِ عمل کو سمجھنا مشکل ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط قریبی سیاسی، سفارتی اور دفاعی تعلقات موجود ہیں جبکہ ترکیہ مسئلہ کشمیر پر بھی پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا رہا ہے۔