ہمارے انڈیا کیساتھ سیاسی اور اقتصادی تعلقات ہیں، ہمیں سب کے ساتھ تعلقات رکھنے کا حق ہے‘امریکہ میں دہشت گردی میں ملوث نہیں: امیر خان متقی
کابل(آئی این پی )افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان پر مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان کو یہ حق نہیں وہ طالبان کو یہ ہدایات دے وہ دوسرے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کیسے رکھے۔ بی بی سی کے مطابق امیر خان متقی نے کابل میں اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا پاکستان میں فیصلے کرنے اور حکم جاری کرنے کا اختیار کسی ایک فرد یا انتظامیہ کے پاس نہیں ہے۔ وہاں فیصلہ سازی کا کوئی ایک مرکز نہیں، یعنی پاکستان میں حکمران کون ہے اور فیصلہ کون کرتا ہے یہ واضح نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستانی نائب وزیر اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو سنا ہوگا کہ وہ کہہ رہے تھے کہ میں نے فلاں مسئلے پر آرمی چیف اور وزیراعظم دونوں سے اجازت لی۔ اس کا کیا مطلب ہے؟ اس ملک میں کتنے حکمران ہیں؟۔امیر خان متقی نے کہا ہمارے انڈیا کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات ہیں، ہماری سیاست آزاد اور خودمختار ہے۔ ہمیں سب کے ساتھ تعلقات رکھنے کا حق ہے۔