اسلام آباد میں 17 سالہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے بہیمانہ قتل نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، خاص طور پر شوبز شخصیات کی جانب سے واقعے پر شدید افسوس اور قاتل کو نشانِ عبرت بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم عمر حیات عرف کاکا، جو خود بھی ٹک ٹاکر تھا، نے ثنا یوسف کو اُس کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور مقتولہ کا موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم، ثنا سے دوستی کا خواہشمند تھا، لیکن بار بار انکار پر اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔واقعے پر اداکارہ ماہرہ خان، ماورا حسین، سجل علی، مایا علی، عمران عباس، فرحان سعید، یاسر حسین اور دیگر فنکاروں نے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
شوبز شخصیات کا ردعمل:
ماورا حسین اور دُرفشاں سلیم نے معاشرتی رویوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈراموں میں زبردستی کی محبت کو رومانوی انداز میں پیش کرنا نوجوانوں میں خطرناک سوچ کو فروغ دے رہا ہے۔ یہ واقعہ میڈیا، پروڈیوسرز اور لکھاریوں کے لیے ایک ویک اپ کال ہونا چاہیے۔یاسر حسین سمیت دیگر فنکاروں نے قاتل کو سرِ عام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ کوئی شخص اس طرح کا بھیانک قدم اُٹھانے کی جرات نہ کرے۔فنکاروں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ثنا یوسف کے خاندان کو انصاف دیا جائے اور معاشرے سے خطرناک ذہنیت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔اس واقعے نے جہاں سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، وہیں یہ سوال بھی کھڑا کر دیا ہے کہ معاشرتی رویوں، قانون کی عملداری، اور میڈیا کی ذمہ داری پر کب سنجیدگی سے غور کیا جائے گا؟