جاوید اختر کا پاکستان مخالف بیان: "جہنم کو پاکستان پر ترجیح دوں گا" شوبز شخصیات اور عوام کا شدید ردعمل

جاوید اختر کا پاکستان مخالف بیان:

ویب ڈیسک: معروف گیت نگار جاوید اختر ایک بار پھر اپنے متنازعہ بیان کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔

 وہ اکثر پاکستان کے خلاف متنازعہ اور نفرت انگیز بیانات دیتے رہتے ہیں، جس پر متعدد پاکستانی فنکار اور عوامی حلقے ان کے دوغلے رویے پر شدید تنقید کر چکے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ جاوید اختر پاکستان میں مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن واپس بھارت جا کر پاکستان کے خلاف بیانات دیتے ہیں۔حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جاوید اختر نے کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں طرف سے انہیں گالیاں ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا، "اگر ان دونوں میں سے کوئی بھی مجھے گالی دینا بند کر دے تو میں پریشان ہو جاؤں گا کہ میں نے کیا غلطی کی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ ایک فریق مجھے "کافر" کہہ کر جہنم کی نوید دیتا ہے تو دوسرا مجھے "جہادی" کہہ کر پاکستان جانے کا مشورہ دیتا ہے۔جاوید اختر نے اپنے متنازعہ بیان میں کہا کہ اگر انہیں پاکستان یا جہنم میں سے کسی ایک جگہ جانے کا انتخاب کرنا ہو تو وہ جہنم کو ترجیح دیں گے۔ ان کے اس بیان نے پاکستان میں شدید ہنگامہ برپا کر دیا ہے اور شوبز سمیت مختلف شعبوں کی مشہور شخصیات نے بھی ان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔پاکستانی اداکارہ مشی خان نے کہا کہ جاوید اختر نے اپنے لیے بالکل ٹھیک جگہ کا انتخاب کیا ہے اور انہیں دوبارہ پاکستان آنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ مشی خان نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ جہنم میں لے جائیں ان لوگوں کو جو ان کے قصیدے پڑھتے رہے۔

اداکار عمران عباس نے کہا کہ چاہے وہ جہنم کا انتخاب کریں یا نہ کریں، انہیں وہاں ہی جانا ہے، بس فرق یہ ہوگا کہ وہ شاید اکانومی کلاس کی سب سے نیچی سیٹ پر ہوں گے کیونکہ پاکستان نے ان کے لیے پہلے فرسٹ کلاس کا پروٹوکول دیا تھا۔بلال قریشی نے لکھا کہ ایسے لوگوں کے لیے کہا جاتا ہے کہ وہ جہنم میں جائیں، اور وہ بھی "رافیل" طیارے میں بیٹھ کر۔سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے کہا کہ جہاں جانا ہو وہاں کی تیاری کرنا پڑتی ہے، جبکہ شوبز کے نوجوان اداکار عاصم محمود نے دعا کی کہ جاوید اختر کی یہ خواہش جلد پوری ہو۔واضح رہے کہ جاوید اختر ماضی میں کئی بار پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور ادبی فیسٹیولز جیسے "فیض فیسٹیول" میں شرکت کر چکے ہیں۔ تاہم پاک بھارت کشیدگی بڑھنے کے بعد وہ کھل کر پاکستان کے خلاف بیانات دیتے رہے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے۔یہ معاملہ شوبز اور عوام کے درمیان بڑے پیمانے پر بحث کا باعث بنا ہوا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی جاوید اختر کے خلاف ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔