’ہر مرد کی 4 شادیاں کروانا میرا مشن ہے‘، مفتی طارق مسعود کے بیان پر شوبز شخصیات کا شدید ردعمل

’ہر مرد کی 4 شادیاں کروانا میرا مشن ہے‘، مفتی طارق مسعود کے بیان پر شوبز شخصیات کا شدید ردعمل

پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے معروف مذہبی اسکالر مفتی طارق مسعود کے شادیوں سے متعلق وائرل بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’انتہائی خطرناک‘ قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں مفتی طارق مسعود مردوں کی چار شادیوں کی حوصلہ افزائی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ وائرل کلپ میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ان کا مقصد ہر مرد کی چار شادیاں کروانا ہے۔ویڈیو کے بعض حصوں، خصوصاً کم عمر لڑکیوں سے متعلق ریمارکس، پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ڈیجیٹل کریئیٹر اریج جمیل کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو نادیہ جمیل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دوبارہ شیئر کرتے ہوئے مفتی طارق مسعود کے بیان پر سخت ردعمل دیا۔

نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کو تشدد، جنسی زیادتی اور قتل جیسے سنگین جرائم کا سامنا ہے، اس نوعیت کی گفتگو انتہائی خطرناک ہے۔ اداکارہ نے اسے خواتین کے خلاف نفرت کو مزید ہوا دینے والی گفتگو بھی قرار دیا۔وائرل کلپ پر اداکارہ عائشہ عمر، متھیرا اور ژالے سرحدی سمیت متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی غصے اور تشویش کا اظہار کیا، جبکہ بعض صارفین نے مفتی طارق مسعود کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔