اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل: سالگرہ کی ویڈیو پوسٹ کرنے کے کچھ دیر بعد کزن کے ہاتھوں قتل

اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل: سالگرہ کی ویڈیو پوسٹ کرنے کے کچھ دیر بعد کزن کے ہاتھوں قتل

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو مبینہ طور پر ان کے ہی کزن نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

 افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ثنا اپنے گھر پر موجود مہمانوں کے ہمراہ سالگرہ منانے میں مصروف تھیں۔ذرائع کے مطابق ثنا یوسف نے قتل سے کچھ دیر قبل اپنی سالگرہ کی ویڈیو ٹک ٹاک پر پوسٹ کی تھی، جس میں انہیں اپنی سہیلیوں کے ساتھ کیک کاٹتے ہوئے خوشی کے لمحات مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ان کی 17ویں سالگرہ تھی، تاہم اس حوالے سے تاحال مصدقہ معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔

فائرنگ کا واقعہ
اہل خانہ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب گھر میں مہمان موجود تھے۔ اسی دوران ملزم، جو کہ مقتولہ کا قریبی رشتہ دار بتایا جا رہا ہے، اچانک طیش میں آ گیا اور ثنا یوسف پر دو فائر کیے، جو انہیں سینے اور کندھے پر لگے۔زخمی ثنا کو فوری طور پر کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں بعد ازاں شفا انٹرنیشنل ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

سوشل میڈیا پر غم و غصہ
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ متعدد افراد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ٹک ٹاکر کمیونٹی نے بھی ثنا یوسف کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پولیس کارروائی
اسلام آباد پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے، اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جلد قاتل کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔