لاہور کے حلقہ این اے 129 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے پارٹی کے بڑے سیاسی دھڑوں کو متحد کرنے کی ذمہ داری سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو سونپ دی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حلقے کے چاروں اہم دھڑوں کے درمیان مصالحت کرائیں اور تمام اختلافات ختم کرکے ٹکٹ ہولڈر امیدوار میاں حافظ نعمان کی حمایت کو یقینی بنائیں۔خواجہ سعد رفیق اس سلسلے میں پارٹی قیادت کی ہدایت پر اہم ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں، جن میں سابق صوبائی وزیر رانا مشہود احمد، سابق ایم این اے مہر اشتیاق احمد، چوہدری باقر اور دیگر رہنماؤں کو میاں نواز شریف کا پیغام پہنچایا۔ اس پیغام میں قائد ن لیگ نے واضح کیا کہ موجودہ ضمنی انتخاب میں پارٹی اتحاد ناگزیر ہے اور تمام رہنما ذاتی اختلافات پس پشت ڈال کر مشترکہ طور پر امیدوار کی کامیابی کے لیے کردار ادا کریں۔ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق حلقے کی انتخابی کمپین کے معاملات کی نگرانی بھی خود کریں گے، جبکہ وہ آج مسلم لیگ (ن) کے انتخابی دفتر کا افتتاح بھی کریں گے۔سیاسی مبصرین کے مطابق ن لیگ کی قیادت کا یہ اقدام حلقے میں پارٹی کے اندرونی اختلافات کو ختم کرنے اور انتخابی مہم کو منظم انداز میں چلانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔