وزیراعلیٰ کی شہریوں سے اپیل: بسنت جشن ذمہ داری اور حفاظت کے ساتھ منائیں:مریم اورنگزیب

وزیراعلیٰ کی شہریوں سے اپیل: بسنت جشن ذمہ داری اور حفاظت کے ساتھ منائیں:مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق لاہور میں بسنت کے جشن کے دوران شہریوں کے لیے 6، 7 اور 8 فروری کو مفت پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔

 اس دوران میٹرو بس، اورنج لائن اور رکشہ سروس تینوں دن بلا معاوضہ دستیاب ہوں گی تاکہ شہری آسانی سے اور محفوظ طریقے سے شہر کے مختلف حصوں میں جا سکیں۔مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بسنت کو ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہوا کی رفتار کم ہونے کے باوجود ایئر کوالٹی انڈیکس 178 ریکارڈ کیا گیا، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ گاڑیوں کا دباؤ کم کریں اور زیادہ سے زیادہ مفت پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں تاکہ ٹریفک اور فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ بھٹوں، فیکٹریوں اور گاڑیوں سے دھوئیں کے اخراج پر بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، اور شہری بسنت کے دوران حفاظتی اقدامات پر عمل کریں تاکہ جشن محفوظ اور خوشگوار ہو۔