لاہور سمیت مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیرِ انتظام 450 سرکاری اسکولوں میں کام کرنے والے درجہ چہارم ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں نہ مل سکیں۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ مالی بحران کا شکار ہیں اور عید جیسے اہم تہوار پر بھی اپنے بچوں کے لیے کپڑے یا ضروری سامان خریدنے سے قاصر ہیں۔متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کی جانب سے تنخواہوں کے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، لیکن اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عید جیسے تہوار پر بھی اپنے جائز حق، یعنی تنخواہ، سے محروم رکھے گئے ہیں۔درجہ چہارم ملازمین نے صوبائی وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیں اور تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ وہ بھی اپنے بچوں کے ساتھ خوشی سے عید منا سکیں۔