لاہور: پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سمری وزیراعلیٰ مریم نواز کو ارسال کر دی، منظوری کے بعد محکمہ خزانہ تنخواہوں کا بجٹ جاری کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ ماہ ہونے والے صوبائی کابینہ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 5 فیصد اضافے کی اصولی منظوری دی تھی۔ اب باضابطہ سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سمری کی منظوری کے فوری بعد محکمہ خزانہ پنجاب بجٹ میں تنخواہوں کے اضافے کے لیے فنڈز جاری کرے گا۔علاوہ ازیں رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں 47.2 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 1,240 ارب روپے مختص کیے ہیں، جبکہ غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں کے لیے 171.7 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کا مالی بوجھ کم کرنے اور ریٹائرڈ افراد کو سہولت دینے کے لیے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔