سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواٰ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دینے کے لیے اخبارات میں کل اشتہار دینے کا حکم دے دیا ہے۔
یہ سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کے روبرو ہوئی۔ علی امین گنڈاپور آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس کے باعث عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔ عدالت کی ہدایت کے مطابق پولیس کل اخبارات میں اشتہار دے گی تاکہ علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیا جا سکے۔عدالت نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کی مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے کارروائی مکمل نہ ہو سکی۔ کیس کی آئندہ سماعت 7 جنوری کو ہوگی۔واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ بارہ کہو، اسلام آباد میں درج ہے، جس میں ان پر غیر قانونی شراب اور اسلحہ رکھنے و برآمد کرنے کے الزامات ہیں۔اس معاملے میں یہ کارروائی ایسے وقت ہو رہی ہے جب علی امین گنڈاپور کئی سماعتوں میں عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس کے باعث عدالت نے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔