عمران خان کی صحت اور جیل ملاقاتوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع، تفصیلات سامنے آگئیں

عمران خان کی صحت اور جیل ملاقاتوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع، تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جیل ملاقاتوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی ہے، جس میں 24 صفحات پر مشتمل اخباری تراشے اور ڈاکٹروں کے چیک اپ ہسٹری کی تفصیل شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی جیل رولز کے مطابق ہر منگل کو باقاعدہ ملاقاتیں ہوتی ہیں اور اب تک 84 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا دن میں تین مرتبہ طبی معائنہ اور کھانے پینے کی جانچ کی جاتی ہے، اور متعدد سرکاری معالجین ان کا معائنہ کر چکے ہیں۔اس کے علاوہ، آنکھ کے علاج کے لیے ماہرِ امراضِ چشم سے بھی علاج کروایا گیا ہے، اور ایک آنکھ تقریباً نارمل ہو چکی ہے۔
رپورٹ میں 39 مختلف طبی ماہرین کے چیک اپ کی سمری بھی شامل ہے جو 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 کے درمیان کی گئی ہے۔سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ مقدمہ نمٹا دیا جائے۔رپورٹ میں سلمان اکرم راجہ کی جانب سے ہائیکورٹ میں دی گئی یقین دہانی کا بھی ذکر ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ملاقات کے بعد جیل کے اندر میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گے، مگر عدالتی حکم کے باوجود میڈیا ٹاک کی گئی اور اس کی خلاف ورزی ہوئی۔