صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت اور ماحول کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری اپنے بچوں اور ماحول کا خاص خیال رکھیں اور بسنت کے دوران کم سے کم گاڑیاں سڑکوں پر لائیں۔ موٹرسائیکل پر پابندی ہوگی جبکہ شہری حکومتی فری ٹرانسپورٹ استعمال کریں تاکہ آلودگی میں کمی آئے اور بسنت محفوظ اور منظم طور پر منایا جا سکے۔ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی ڈیٹا کی بنیاد پر سموگ کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے، اور اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ اور جی ایس میپنگ کے ذریعے فضائی آلودگی پر مؤثر کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 173 ریکارڈ کیا گیا، جو وزیراعلیٰ مریم نواز کے انسدادِ سموگ اقدامات اور عوامی تعاون کا نتیجہ ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ سموگ کنٹرول روم مکمل فعال ہے اور ڈرونز و سی سی ٹی وی کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ بھٹوں، صنعتی یونٹس اور گاڑیوں کے اخراج پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ فیلڈ ٹیمیں بھی مکمل طور پر متحرک ہیں۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت کا ہدف پورے سال بہتر AQI برقرار رکھنا ہے اور بزرگ شہریوں اور بیمار افراد کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سب محفوظ اور صحت مند بسنت منا سکیں۔