سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی صوبائی وزراء کے ہمراہ چینی وفد سے ملاقات

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی صوبائی وزراء کے ہمراہ چینی وفد سے ملاقات

لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے صوبائی وزراء کے ہمراہ چینی وفد سے اہم ملاقات کی، جس میں پنجاب میں زراعت، لائیو اسٹاک، سیاحت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں پاک چین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 چینی وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پائلٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے ایگرو پروسیسنگ پارکس اور لائیو اسٹاک کے منصوبوں میں شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کی۔ملاقات کے دوران پنجاب میں پاک چین اشتراک سے خصوصی ایگرو پروسیسنگ زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کے لیے پائلٹ سیکرٹریٹ کے ساتھ چینی فوکل پرسن نامزد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ چین کی جدید ٹیکنالوجی سے پنجاب کے زرعی شعبے میں نئی ویلیو چین تشکیل دی جا سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چاول، گندم، مکئی اور آئل سیڈز کی پروسیسنگ کے لیے چار جدید یونٹس قائم کیے جائیں گے، جن سے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لیے وزیر زراعت کی سربراہی میں ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں اسکل ڈویلپمنٹ، سیاحت اور شرمپ فارمنگ کے شعبوں میں بھی چین کی مہارت اور جدید تجربات سے استفادہ کرنے پر غور کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاک چین معاشی تعاون کو محض اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ چینی وفد نے پنجاب کی معاشی ترقی میں شراکت داری کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں اسموگ پر قابو پانے اور ماحولیاتی تحفظ کے امور بھی زیر بحث آئے۔ چینی وفد نے بیجنگ میں فضائی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات اور اپنے تجربات پنجاب کے ساتھ شیئر کرنے کی پیشکش کی۔

اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹریفک کے دھوئیں اور تعمیراتی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی گردوغبار کی آلودگی پر قابو پانے کے لیے طویل المدتی حکمت عملی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک کو تقریباً 60 مانیٹرز تک بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ صوبے کا پہلا کلائمیٹ آبزرویشن سسٹم فضائی آلودگی سے متعلق مستند ڈیٹا فراہم کرے گا۔