ایک تاوا گڈا 300 سے 400 روپے ، ڈیڑھ تاوا گڈا 500 سے 600 میں فروخت کیا جا رہا ہے ‘ چھوٹا گڈا بھی مہنگا ہوگیا، قیمت 200 سے 300 روپے ہوگئی
اندرون شہر بسنت کیلئے دو سے تین مرلے کی چھت کا کرایہ تین لاکھ ‘ پانچ مرلے کی چھت کا کرایہ پانچ سے سات لاکھ تک پہنچ گیا‘گڈیوں‘دور کی طلب پوری کرنا مشکل ہو گیا
لاہور(سپیشل رپورٹر)بسنت کے تہوار کی بحالی پر شہر بھر میں خوشی اور جوش و خروش کی فضا قائم ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بسنت کے روایتی رنگ نمایاں ہیں، ہر طرف پتنگیں، جھنڈیاں اور سجاوٹ دیکھی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے اہم شاہراہوں اور عمارتوں کو رنگ برنگی پتنگوں سے سجایا ہے، جس پر عوام حکومت کے اقدام کو ثقافتی ورثے کی واپسی قرار دے رہی ہے۔ گڈی ڈور کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر مختلف مقامات پر ڈور بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈور بنانے والوں کے لیے بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے خریدار مضبوط اور پائیدار ڈور کی تلاش میں پریشان ہیں جبکہ بڑھتی قیمتوں نے بھی مشکلات بڑھا دی ہیں‘ موچی گیٹ سمیت دیگر مقامات پر ڈور کی خرید و فروخت جاری ہے، تاہم مہنگی قیمتوں نے شہریوں کے شکوے بڑھا دیے ہیں۔ ایک تاوا گڈا 300 سے 400 روپے ، ڈیڑھ تاوا گڈا 500 سے 600 میں فروخت ‘ چھوٹا گڈا بھی مہنگا ہوگیا، قیمت 200 سے 300 روپے ہوگئیجبکہ دو پیس ڈور کا پنا 18 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جو عام شہری کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت کا تہوار اب زیادہ تر امیروں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ ڈور اور پتنگ کی قیمتوں پر کنٹرول کرے تاکہ ہر طبقے کے لوگ بسنت کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔بسنت کے تہوار کے موقع پر دہلی گیٹ اور اندرونِ شہر کی چھتیں شہریوں کے لیے جشن منانے کی اہم ترین جگہ بن گئی ہیں۔ جس کے باعث چھتوں کے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق دو سے تین مرلے کی چھت کا کرایہ تین لاکھ روپے تک جا پہنچا ہے، جبکہ پانچ مرلے کی چھت کے کرائے پانچ سے سات لاکھ روپے تک مقرر کیے گئے ہیں۔۔ دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر میں چھٹیوں کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پنجاب میں جمعہ اور ہفتہ 6 اور 7 فروری کو عام تعطیل ہوگی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھی سرکاری تعطیل ہوگی، جس کے باعث پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر 5 فروری سے 8 فروری تک بند رہیں گے۔