پاکستان اور کمبوڈیا کا دوطرفہ تعلقات ‘ عوامی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق

چیئرمین سینیٹ   یوسف رضا گیلانی کی کمبوڈیا کے بادشاہ سے ملاقات  ، پارلیمانی تعاون، تجارتی روابط اور علاقائی رابطہ کاری بڑھانے پر زور
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان اور کمبوڈیا کے مابین دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی سفارتکاری اور عوامی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کمبوڈیا کے بادشاہ نوردوم سیہامونی سے ملاقات کی۔ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کمبوڈیا کی قیادت اور عوام کو ترقی، استحکام اور قومی ہم آہنگی پر مبارکباد دی جبکہ ملاقات میں پارلیمانی تعاون، تجارتی روابط اور علاقائی رابطہ کاری بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے 2016 کے پاک۔کمبوڈیا پارلیمانی معاہدے پر عملدرآمد کی اہمیت روشنی ڈالی تاہم انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں کمبوڈیا کی شرکت پر چیئرمین سینیٹ نے خیرمقدم کا اظہار بھی کیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع، معیشت اور ماحولیاتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ گندھارا تہذیب سے جڑے بدھ مت ورثے کے فروغ پر دونوں ممالک کا اتفاق ہوا ہے۔