یو م یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منایا گیا‘ریلیاں‘انسانی ہاتھوں کی زنجیر

ملک میں عام تعطیل رہی،   صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا ئی گئی
 پاک فو ج کے دستے نے  تحریک آزادی کشمیر کے ہیروزوشہدا ء کی یادگار پر سلامی د ی ، صدر ،وزیر اعظم اور عسکری قیادت  کے خصوصی پیغامات  
اسلام آباد،مظفر آباد،سرینگر(آئی این پی )پاکستان سمیت دنیا بھر میں  5فروری کو  یوم   یکجہتی کشمیر    بھر پور انداز میں منایا  گیا۔کشمیری عوام کی بھارتی تسلط و ظلم کیخلاف لازوال جدوجہد آزادی اور قربانیوں کا اعتراف اور کشمیر میں بھارتی مظالم و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی دنیا کے سامنے اجاگر کیا گیا ،اس موقع پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت اور افواج پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا  ،حکومت پاکستان کی جانب سے  ملک بھر میں عام تعطیل  کی گئی ،یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں  صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔آزاد کشمیر، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلیاں ،جلسے جلوس،سیمینارز، کانفرنسزاور آزادی واکس کااہتمام کیا  گیا جن میں شرکاء نے پلے کارڈز اور بینراٹھارکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے    وزارت خارجہ سے بھی ریلی نکالی  گئی ، ریلی کی قیادت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کر نے کی  ۔  ریلی میں 10 بجکر ایک منٹ پر علامتی سائرن بجائے گئے ۔یوم یکجہتی کے موقع پر صدر ،وزیر اعظم اور عسکری قیادت  کی طرف سے خصوصی پیغامات جاری کئے گئے۔ جن میں  مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کے حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا  گیا ۔