یوم یکجہتی‘پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہو گئی‘ریلیاں‘ہاتھوں کی زنجیر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے

آزادکشمیر کے دارا لحکومت   مظفر آباد میں صبح 9 اور 10 بجے کے درمیان سائرن بجا ئے گئے ‘ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی‘کوہالہ پل سمیت کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام قدرتی راستوں پر ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی
اسلام آباد کے  ڈی چوک میں یومِ یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب، یکجہتی واک اور ریلی کا انعقاد‘کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ایک دن ضرور کامیاب ہو گی، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنتا رہے گا: امیر مقام کا خطاب 
اسلام آباد،مظفر  آباد(آئی این پی ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا  گیا اوراس عہد کی تجدید کی گئی کشمیریوں کے حق خود ارادیت  کے حصول کیلئے   کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک پورا پاکستان یک زبان ہو کر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کر تا ہے ،کشمیر اور پاکستان کے عوام میں اخوت، محبت، بھائی چارے، مذہبی اور نظریاتی رشتے صدیوں سے قائم ہیں،کشمیری عوام کی سیاسی سفارتی واخلاقی  حمایت جاری ر ہے گی۔  دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں خصوصی دعائو ں سے کیا گیا جس میں کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی خوشحالی واستحکام کیلئے دعائیں کی گئیں ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں علامہ طاہر اشرفی نے پرسوز دعا کی۔ آزادکشمیر کے دارالحکومت   مظفر آباد میں صبح نو اور دس بجے کے درمیان سائرن بجا ئے گئی  اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔  کوہالہ پل سمیت کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام قدرتی راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم محکوم عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔    انسانی زنجیروں اور میڈیا مہمات کے ذریعے دنیا بھر کو یہ پیغام د یا گیا کہ یوم یکجہتی کشمیر ا اس عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ ۔پاکستان سمیت آزاد کشمیر میں حکومتی سطح سمیت مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے جلسے، جلوس، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے  گئے ۔ ریلیوں کے شرکا نے پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے  تھے اور وہ پرجوش انداز میں کشمیر بنے کا پاکستان کے نعرے لگا رہے تھے  ۔دریں اثناء یومِ یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب ڈی چوک میں ہوئی جس کی قیادت وفاقی وزیربرائے امور کشمیر امیر مقام نے کی، کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔وزارتِ امورِ کشمیر کے زیرِ اہتمام مرکزی یکجہتی واک چائنا چوک سے ڈی چوک تک نکالی گئی۔واک میں وفاقی وزارتوں کے افسران، سول سوسائٹی، طلبہ، خواتین، بچوں، حریت قیادت کے نمائندوں اور آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی  وزیرِ امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام  نے کہا کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ایک دن ضرور کامیاب ہو گی۔ حریت قیادت کشمیر کاز کے لیے عظیم قربانیاں دے رہی ہے اور پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنتا رہے گا۔آج پورا پاکستان سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔ بھارت کشمیری عوام پر مظالم چھپا رہا ہے، مگر حقائق دنیا کے سامنے آ کر رہیں گے۔