ٹرمپ کی مداخلت اور دباؤ کو مسترد کرتے ہیں، غزہ دوبارہ مضبوط بنے گا:خالد قدومی

 ٹرمپ کی مداخلت اور دباؤ کو مسترد کرتے ہیں، غزہ دوبارہ مضبوط بنے گا:خالد قدومی

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان خالد قدومی نے اسلام آباد میں تنظیم اسلامی کے زیرِ اہتمام سیمینار سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے غزہ پر طویل عرصے تک قبضے کے اعلان کو مسترد کرتے ہیں۔

خالد قدومی نے واضح کیا کہ فلسطینیوں کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور حماس اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ غزہ دوبارہ تعمیر ہوگا اور اس سے بھی زیادہ مضبوطی کے ساتھ اٹھے گا۔ قدومی نے مزید کہا کہ اللہ کی مدد سے فلسطینیوں نے اسرائیل کو شکست دی ہے اور مستقبل میں اسرائیلی فوج کا غزہ میں کوئی وجود نہیں ہوگا۔خالد قدومی نے ٹرمپ کے غزہ کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے غزہ کی پٹی پر طویل المدتی قبضہ کرنے کی بات کی ہے، جس میں فلسطینیوں کو وہاں سے منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اردن و مصر کے رہنماؤں کو وہاں لوگوں کو بسانے کے لیے جگہ فراہم کرنے کا کہا جائے گا۔ قدومی نے اس طرح کے منصوبوں کو فلسطینیوں کے حقوق کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ حماس اس طرح کے منصوبوں کا حصہ نہیں بنے گا۔قدومی کے مطابق، فلسطینیوں کا عزم مضبوط ہے اور وہ کسی بھی بیرونی مداخلت یا دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، بلکہ اپنے وطن کی آزادی کے لیے لڑائی جاری رکھیں گے۔