ممبئی کی عدالت نے کنگنا رناوت کو حاضری کے لیے آخری وارننگ جاری کردی

ممبئی کی عدالت نے کنگنا رناوت کو حاضری کے لیے آخری وارننگ جاری کردی

ممبئی کی عدالت نے اداکارہ کنگنا رناوت کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہتک عزت کے مقدمے میں اپنی حاضری یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔

 یہ مقدمہ معروف بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے دائر کیا تھا۔مقدمے کی تفصیلات کے مطابق، کنگنا رناوت اور جاوید اختر کے درمیان تنازع 2016 میں شروع ہوا جب جاوید اختر نے کنگنا کو اپنے گھر بلا کر اداکار ہریتھک روشن سے معافی مانگنے کی پیشکش کی۔ 2020 میں ایک ٹی وی انٹرویو میں کنگنا نے اس ملاقات کا ذکر کیا، جس پر جاوید اختر نے الزام لگایا کہ کنگنا نے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی۔ اس کے نتیجے میں جاوید اختر نے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی، جو اب تک جاری ہے۔کنگنا کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں مصروف ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکیں۔ تاہم، جاوید اختر کے وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ کنگنا رناوت کو بار بار غیر حاضر رہنے پر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں۔ ان کے مطابق، کنگنا تقریباً 40 مواقع پر عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔

عدالت نے کنگنا رناوت کے وکیل کو درخواست پر جواب داخل کرنے کی ہدایت کی اور ان کے اعتراضات کے باوجود انہیں آخری موقع دیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر کنگنا اس مرتبہ پیش نہیں ہوئیں، تو ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جا سکتے ہیں۔یاد رہے کہ دسمبر 2024 میں دونوں فریقین کے درمیان ثالثی کے عمل پر اتفاق کیا گیا تھا، لیکن یہ عمل ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔