’پرانے تنازعے کو مزید ہوا مت دو‘، کنگنا رناوت کی ہریتھک روشن کو وارننگ

’پرانے تنازعے کو مزید ہوا مت دو‘، کنگنا رناوت کی ہریتھک روشن کو وارننگ

بالی ووڈ اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے اداکار ہریتھک روشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے نام پر مبینہ طور پر انہیں ہراساں کرنے والوں کی کھل کر مذمت کریں۔

یہ تنازع اس وقت دوبارہ خبروں کی زینت بنا جب کنگنا رناوت نے ایک سیاسی بیان میں جین زی (Gen Z) کو "بدصورت جنریشن" قرار دیا، جس پر سی جے پی کے ترجمان سوراو داس نے طنزیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہریتھک روشن جیسے دکھتے ہیں، شاید اسی وجہ سے کنگنا ان کے اتنے پیچھے پڑی ہیں۔یہ تبصرہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا، جہاں صارفین نے اس پر میمز بنائیں اور اسی دوران کنگنا رناوت اور ہریتھک روشن کے درمیان برسوں پرانا تنازع بھی ایک بار پھر زیرِ بحث آ گیا۔بعد ازاں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی جس میں کہا گیا کہ "دنیا کو ہریتھک روشن سے معافی مانگنی چاہیے"۔ یہ پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے ایک ٹرینڈ میں تبدیل ہوگئی۔اس پر ردعمل دیتے ہوئے ہریتھک روشن نے کہا کہ "صرف اس وجہ سے کسی ایک شخص کو درست قرار دینا کہ آپ دوسرے شخص کو پسند نہیں کرتے، معاشرے کے ایک بڑے مسئلے کی نشاندہی کرتا ہے۔ کسی بھی معاملے پر رائے قائم کرنے سے پہلے مکمل سیاق و سباق اور تصدیق شدہ حقائق کو سامنے رکھنا چاہیے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ وہ معاملے پر حتمی رائے دینے سے پہلے تمام حقائق سامنے آنے کا انتظار کریں گے۔ہریتھک روشن کے بیان پر کنگنا رناوت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ "تم نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے کے بجائے ان لوگوں کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھائی جو مبینہ طور پر تمہارے نام پر مجھے ہراساں اور تنگ کر رہے تھے؟"کنگنا نے ہریتھک سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کو مزید ہوا دینے کے بجائے ایسے افراد کی مذمت کریں جو ان کے نام کو استعمال کرتے ہوئے دوسروں کو ہدف بناتے ہیں، اور ایسے بیانات سے اپنی ساتھی فنکاروں کو شرمندہ کرنے سے گریز کریں۔