وقاص لیاقت کا تعلق مکینیکل انجینئرنگ کے شعبے سے، سول انجینئرنگ کی فراہمی و نکاسی آب کی حساس نشست پر تعینات کردیا گیا
قواعد کے مطابق سول انجینئرنگ کی نشست پر تعیناتی صرف سول انجینئرنگ کی تعلیم اور تجربہ رکھنے والے افراد کے لیے مختص ہے
غفران احمد کے فیصلوں سے محکمہ کے سول انجینئرز میں بددلی پھیلنے لگی، فیصلے واسا کے پروفیشنل معیار پر اثر ڈال سکتے ہیں،ماہرین
لاہور(شہزاد راجپوت) واسا لاہور میں اہم انتظامی فیصلے کے تحت مکینیکل انجینئر وقاص لیاقت کو سول انجینئر کی نشست پر بطور ایکسیئن (ایگزیکٹو انجینئر) اقبال ٹاؤن تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی ایم ڈی واسا غفران احمد کے خصوصی احکامات پر عمل میں لائی گئی۔جس کے تحت وقاص لیاقت اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔واسا انتظامیہ کے اس عمل پر محکمہ میں موجود سول انجینئرز میں بد دلی پائی جانے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق وقاص لیاقت کا تعلق مکینیکل انجینئرنگ کے شعبے سے ہے، لیکن انہیں سول انجینئرنگ کی فراہمی اور نکاسی آب کی حساس نشست پر تعینات کرنے کا فیصلہ مختلف حلقوں میں حیرت کا باعث بن رہا ہے۔ واسا کے قواعد کے مطابق سول انجینئرنگ کی نشستوں پر تعیناتیاں صرف سول انجینئرنگ کی مخصوص تعلیم اور تجربہ رکھنے والے افراد کے لیے مختص ہوتی ہیں، تاہم اس تقرری میں ان اصولوں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔یہ فیصلہ واسا کے اندرونی حلقوں میں سوالات کو جنم دے رہا ہے کہ ایک مکینیکل انجینئر کو سول انفراسٹرکچر کی نگرانی جیسی اہم ذمہ داری کیسے دی جا سکتی ہے۔ مختلف ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے تقرری کے فیصلے واسا کے پروفیشنل معیار پر اثر ڈال سکتے ہیں اور ادارے کے بنیادی امور میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے کا مقصد انتظامی بہتری اور جدید تکنیکی تجربات کو بروئے کار لانا ہے۔واسا کے ملازمین اور شہری حلقوں میں اس فیصلے کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس تعیناتی سے اقبال ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر ہو سکتی ہے ۔