جنوبی افریقا:ہندو طالب علم کی کلائی کا مذہبی دھاگا کاٹنے سے ہنگامہ

سکول ثقافتی یا مذہبی علامات کی اجازت نہیں دیتا،استاد،عمل ناقابل قبول ہے، ہندو گروپ  
 جوہانسبرگ(آئی این پی )جنوبی افریقا کے سکول میں ایک ٹیچر ہندو طالب علم کی کلائی سے مخصوص مذہبی دھاگا کاٹ کر بڑی مشکل میں پھنس گیا۔ استاد کے اس رویے پر انہیں ہندو کمیونٹی کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ ہفتے کوازولونتال صوبے کے ڈریکنزبرگ سیکنڈری سکول میں پیش آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوبی افریقا کا ہندو مہا سبھا سکول حکام سے ایکشن کا مطالبہ کر رہی ہے جبکہ دھاگا کاٹنے والے استاد کا کہنا تھا کہ سکول ثقافتی یا مذہبی علامات کی اجازت نہیں دیتا، لیکن ہندو گروپ کا کہنا ہے کہ استاد کا یہ عمل ناقابل قبول ہے۔