فنڈز کی کمی ، ٹولنٹن مارکیٹ کے فیز ٹو میں تاخیر کاخدشہ

منصوبے کو سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے شروع کیے جانے کا امکان 
لاہور (خصوصی رپورٹ)ٹولنٹن مارکیٹ کے فیز ون کی تکمیل کے بعد اب فیز ٹو بھی شروع ہونے جا رہا ہے،مگر کئی شرطوں اور اعتراضات کے ساتھ پنجاب حکومت نے 70 کروڑ روپے کے اس منصوبے کی مشروط منظوری دے تو دی ہے لیکن بجٹ میں فنڈز نہ ہونے سے عملی آغاز تاخیر کا شکار ہوگا ،فیز ٹو میں سلاٹر ہا ئوس، ڈرین کورنگ اور جدید سہولتوں کی تنصیب شامل ہے، مگر اس وقت تک سب کچھ وزیراعلیٰ کی صوابدیدی فنڈز پر منحصر ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹولنٹن مارکیٹ کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد پنجاب حکومت نے اب فیز ٹو کے آغاز کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ پی اینڈ ڈی نے منصوبے پر کچھ تکنیکی اعتراضات دور ہونے کے بعد مشروط اجازت دے دی ہے، جس کے تحت تعمیراتی کام مرحلہ وار شروع ہوگا۔پنجاب حکومت نے فیز ٹو کے لیے 70 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا ہے، تاہم مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں اس منصوبے کے لیے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔ منصوبہ اب سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے شروع کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ حتمی منظوری وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز سے مشروط ہے۔فیز ٹو میں ٹولنٹن مارکیٹ کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم کام شامل ہیں۔